27 اپریل ، 2021
ملک میں کورونا کی ہلاکت خیزیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں مزید 142 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جب کہ 4400 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 43981 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 4487 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 142 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق مک میں کورونا وائرس مثبت آنے کی شرح 10 فیصد رہی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 17329 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 8 لاکھ 4939 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 87794 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5770 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 99818 ہو گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 279272 ہوگئی ہے جب کہ 4605 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 293468 ہے اور 8097 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 21803 اور ہلاکتیں 232 ہو چکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 114661 اور 3156 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 16659 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 464 افراد انتقال کر گئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5272 اور 105 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 73804 ہے اور اب تک 670 مریض انتقال کر چکے ہیں۔