29 اپریل ، 2021
امریکی ریاست آئیوا اور انڈین ایپولیس میں پاکستانی ڈرامہ نگار اکرام بسرا کا ڈرامہ ’ دی جاب ‘پیش کیا جارہا ہے۔
اکرام بسرا کا تحریر کردہ ڈرامہ دی جاب ون مین شو ہے جو پاکستان کے قبائلی علاقوں میں فرائض سرانجام دیتے ہوئے ایک صحافی(نعمت اللہ) کی کہانی ہے جو یہ بتاتی ہے کہ نائن الیون نےایک عام عادمی کی زندگی کو کس طرح متاثر کیا ۔
ڈرامے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج اور عوام کے شدید جانی و مالی نقصانات کو بہت سادہ اور پُراثر انداز میں سامنے لایاگیا ہے۔
ڈرامہ دی جاب مئی میں آئیوا کے ای سی مے بی تھیٹر جبکہ نومبر میں انڈین ایپولیس کے اسٹورفرنٹ تھیٹر میں پیش کیا جائے گا۔
ڈرامہ کیوں تحریر کیا:اکرام بسرا کی جیو ویب سے گفتگو
منفرد موضوع اور عام پاکستانی کے حقیقی مسائل کو گھیرے اس ڈرامہ دی جاب کی کہانی سے متعلق جیو ویب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈرامہ نگار اکرام بسرا کا کہناتھا کہ لٹریچر ہی وہ طاقت ہے جو کسی بھی انسان کے دبے یا زبردستی دبائے ہوئے احساسات کے ابھار اور ان کے مؤثر اظہار کا ذریعہ بنتا ہےاور یہ اظہار اس وقت مزید طاقتور ہوجاتا ہے جب اسے تھیٹر کے ذریعے پیش کیا جائے۔
ڈرامہ نگار کے مطابق یہی وجہ تھی جس کے باعث ایک انسان کی کہانی دوسرے انسان تک پہنچانے کے لیے دی جاب تحریر کیا گیا۔
اکرام بسرا کا کہنا تھا کہ یہ ڈرامہ ان کی زندگی میں خاص اہمیت کا حامل ہے جس پر وہ پچھلے ایک سال سے محنت کررہے ہیں اور ایک سال قبل جب اس کہانی کو امریکا میں منعقدہ ورکشاپ میں پیش کیا گیا تو اس منفرد موضوع نے ورکشاپ میں شامل تمام افراد کو رنجیدہ کردیا۔
اکرام بسرا نے جیو نیوز کو بتایا کہ9 /11 کے بعد پاکستانیوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ معمولی بات نہیں ہے لیکن صد افسوس ہم اپنا کیس صحیح طریقے سے لڑہی نہ پائے جس کے باعث ہمیں عالمی سطح پر بھی غلط پیش کیا گیا اس کے برعکس نیوزی لینڈ میں ہوئے ایک واقعے نے پوری طرح سے جھنجھوڑ دیا۔
اکرام بسرا کے مطابق انھوں نے کوشش کی ہے کہ اس پلے میں 30 سال کے دوران پاکستان میں ہوئے بڑے حملوں کو بغیر کسی نتائج پر پہنچے بغیر پیش کیا جائے تاکہ عام پاکستانی کو بھی انسانی دنیا کے رابطے میں لایا جاسکے۔