'وبا میں لوگوں کی جان بچانا 100کروڑ کی فلم کرنے سےکئی گنا زیادہ باعث اطمینان ہے'

فوٹو: فائل

بھارت میں کورونا کی دوسری لہر نے تباہی مچا رکھی ہے اور  وائرس سے متاثرہ افراد  اور ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے آکسیجن اور دیگر طبی سامان کی قلت کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بھارتی اداکار سونو سود کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے کورونا وبا کی آغاز سے ہی فلاحی کاموں کا آغاز کردیا تھا اور اب سونوسود فلاحی کاموں کے حوالے سے بھارت کی معروف شخصیت بن چکے ہیں۔

سونو سود اس وقت بھی کورونا سے متاثرہ افراد اور دیگر مریضوں کی مدد میں مصروف ہیں۔ 

ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ اگر آدھی رات کو بہت سے لوگوں کی فون کالز  پر  آپ بستر چھوڑ کر لوگوں کی مدد کرتے ہیں اور انہیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں جس سے ان کی جان بچ جائے تو قسم سے یہ کسی بھی 100 کروڑ والی فلم کا حصہ بننے سے لاکھوں گنا زیادہ باعث اطمینان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت ہم نہیں سو سکتے جب لوگ جگہ نہ ملنے کی وجہ سے اسپتالوں کے باہر انتظار کررہے ہوں۔ 

سونو سود نے انسٹاگرام پر ایک اور پوسٹ میں اپنے موبائل پر لوگوں کی مدد کے لیے آنے والی کالز اور میسجز کے نوٹی فکیشن بھی دکھائے۔

انہوں نے لکھا کہ جس رفتار سے ملک بھر سے درخواستیں مل رہی ہیں میں  ہر ایک تک پہنچنے کی پوری کوشش کر رہا ہوں۔

اداکار نے اپیل کی کہ  برائے مہربانی سبھی  آگے آئیں، ہمیں مزید مدد کرنے والے ہاتھوں کی ضرورت ہے، اپنی صلاحیت اور حیثیت کے مطابق بھرپور مدد کریں۔

واضح رہےکہ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 لاکھ 60 ہزار 960 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا سے مزید 3293 اموات رپورٹ ہوئیں جو ایک روز میں ریکارڈ ہونے والی ہلاکتوں کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے، بھارت میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 1187 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :