28 اپریل ، 2021
کراچی کے حلقے این اے 249 میں کروائےگئے 3 میں سے 2 سرویز میں حلقےکے عوام سابق ایم این اے فیصل واوڈا کی کارکردگی سے غیر مطمئن نظر آئے جب کہ ایک سروے میں عوام کی اکثریت نے فیصل واوڈا کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ۔
اس بات کا پتا گیلپ پاکستان ، پلس کنسلٹنٹ اوراپسوس کے سروے سے چلا جس میں این اے 249 کے حلقے سے مجموعی طور پر 3ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حصہ لیا، تینوں سرویز 10اپریل سے 20 اپریل 2021 کے درمیان کیےگئے ۔
گیلپ پاکستان اور اپسوس کے سروے میں حلقے کے عوام کی اکثریت سابق ایم این اے کی کارکردگی سے نالاں نظرآئی ۔
گیلپ پاکستان کے سروے میں 83 فیصد افراد نے فیصل واوڈا کی کارکردگی سے غیر مطمئن ہونے کا کہا جب کہ 11 فیصدنے مطمئن ہونے کا بتایا۔
اپسوس کے سروے میں 75 فیصد کارکردگی سے غیر مطمئن تو 9 فیصد نے فیصل واوڈا کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کابتایا ۔
اس کے برعکس پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 77 فیصد فیصل واوڈا کی بطور ایم این اے کارکردگی سے اطمینان نظر آئے جب کہ 13 فیصد نے غیر مطمئن ہونےکا کہا۔
تینوں سرویز میں یہ بھی دیکھا گیا کہ این اے 249کے زیادہ تر عوام ایم این اے سے ناواقف تھے، گیلپ پاکستان کے سروےمیں 58 فیصد ، پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 65 فیصد ، جب کہ اپسوس کے سروے میں 69 فیصد نے حلقے کے سابق ایم این اے کے بارے میں نہ جاننےکا کہا۔
جن افراد نے سابق ایم این اے کے بارے میں جاننے کا کہا اس میں گیلپ پاکستان کے سروے مین 84 فیصد ، پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 90 فیصد ، جب کہ اپسوس کے سروے میں 28 فیصد نے فیصل واوڈا کو بطور ایم این اے پہچانا۔
خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں فیصل واوڈا این اے 249 سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے تاہم حالیہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے سے قبل انہوں نے یہ نشست چھوڑ دی تھی اور اب یہاں پر کل ضمنی انتخاب ہونے جارہا ہے۔