29 اپریل ، 2021
مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے معروف قوال امجد صابری کو ہم سے بچھڑے 5 برس بیت گئے۔
امجد صابری کی پانچویں برسی پر ان کی چھوٹی بیٹی پریسا صابری نے انسٹاگرام پر والد کے ہمراہ بچپن کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے والد کی یاد کا پیغام درج کیا۔
پریسا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انہیں والد کی آواز سنے طویل عرصہ گزرگیا اب تک یقین نہیں آتا کہ 5 سال گزرگئے۔
انہوں نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے بنا رہنا آسان نہیں ہے۔
16رمضان 2016
امجد صابری کو 5 سال قبل 22 جون 16 رمضان المبارک کو کراچی میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو کراچی میں معروف قوال صابری گھرانے میں آنکھ کھولی، ان کے والد غلام فرید صابری بھی قوالی کی دنیا کا مشہور نام تھے۔
امجد صابری نے 1988 میں فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنی بہترین آواز اور انفرادیت کی وجہ سے سب کے دلوں میں گھر کرلیا۔
امجد صابری نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت تک میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
انہوں نے اپنے والد اور چچا مقبول صابری کی مشہور زمانہ قوالی تاجدار حرم کو اتنی خوبصورتی سے پڑھا کہ شہرت کی بلندیاں چھولیں۔
ان کی مقبول قوالیوں میں ’تاجدار حرم‘، ’بھر دو جھولی‘، ’علی کے ساتھ ہے زہرہ کی شادی‘، ’میرے خواجہ پیا‘ اور دیگر شامل ہیں۔