Time 29 اپریل ، 2021
دنیا

بھارت: کورونا کے 3 لاکھ 79 ہزار کیسز رپورٹ، دہلی میں ہر چار منٹ میں ایک ہلاکت

بھارت میں جمعرات کے روز کورونا کے ایک بار پھر ریکارڈ کیسز سامنے آگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں مسلسل ساتویں روز کورونا کے 3 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 3 لاکھ 79 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 3600 سے اموات بھی ہوئی ہیں۔

اس طرح بھارت میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 83 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور اموات 2 لاکھ 4 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہیں۔

بھارت میں 15 اپریل سے کورونا کے 2 لاکھ کیسز روزانہ رپورٹ ہونا شروع ہوئے اور گزشتہ ایک ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پر 3 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں۔

بھارت میں اب تک کورونا سے ایک کروڑ 50 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد صحتیاب بھی ہوگئے ہیں جب کہ اس وقت بھارت میں فعال کیسز کی تعداد 30 لاکھ 84 ہزار سے زیادہ ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ بھارت میں اب تک کورونا کے کل 28 کروڑ 44 لاکھ 71 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے ہیں جب کہ 28 اپریل کو بھارت میں 17 لاکھ 68 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بھی وائرس سے بری طرح متاثر ہے جہاں اندازے کے مطابق ہر چار منٹ میں کورونا سے ایک ہلاکت ہورہی ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ بھارتی ریاست مشرقی اترکھنڈ میں کورونا کی وجہ سے 14 مئی کو ہونے والی چار دھام یاترا کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل ریاست اترکھنڈ میں ہی کورونا کے باوجود کمبھ کا میلہ لگایا گیا تھا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی جس کے بعد بھارت میں کورونا وائرس میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مزید خبریں :