30 اپریل ، 2021
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آجائے تو خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بلاول کا کہنا تھاکہ شروع میں ہی حکومت کو بتادیا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے مگر عمران خان نہیں مانے اور ملکی معیشت تباہ ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایک ایسے بدترین حکمران کے طور پر یاد رکھا جائے گا کہ جس نے احتساب کا نعرہ لگاکر کرپشن کو فروغ دیا، عمران خان ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹیں لہرا کر سب کو کرپٹ کہتے تھے اور آج وہی ادارہ کہہ رہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے سب سے زیادہ لوٹ مار کی۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ عمران خان کے سرمایہ دار دوستوں کی لوٹ مار کا خمیازہ عوام مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ اگر کرپشن کے جھوٹے الزامات کی رٹ لگانے والوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالا گیا تو بدعنوانی کی ہوشربا داستانیں سامنے آئیں گی، عمران خان کے خلاف صرف فارن فنڈنگ کے ایک کیس کا فیصلہ آجائے تو قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔