Geo News
Geo News

Time 30 اپریل ، 2021
پاکستان

وزیر اعظم کا سی پیک منصوبوں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار

وزیراعظم عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)  منصوبوں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سی پیک منصوبوں کے جائزہ پراعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیرخارجہ، وزیر خزانہ، وزیر صنعت، وزیر منصوبہ بندی، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں سی پیک منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ حکومت نے سی پیک کے بڑے منصوبوں کو ڈھائی سال کی مدت میں مکمل کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر سے متعلق موجودہ حکومت نے بہت سے منصوبے مکمل کیے، چین زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں تعاون بڑھا رہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ صنعتوں کا فوکس برآمدات پر مبنی ہونا چاہیے، ہمارا فوکس درآمدات کا متبادل اور پالسیاں اسی کے مطابق ہوں۔

انہوں نے ہدایت دی کہ نوجوان نسل کو ملازمتوں کیلئے تیار کیا جائے، آنے والی صنعتوں اور ہائی کوالٹی زرعی فارمز سےملازمتیں پیدا ہوں گی۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے سی پیک منصوبوں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور عزم کیا کہ سی پیک منصوبوں کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کی گواہی ہے،  پاکستان اور چین کے تعلقات گہرے اور یہ منصوبہ اہمیت کا حامل ہے۔