دنیا
Time 01 مئی ، 2021

کورونا: آسٹریلیا نے بھارت سے شہریوں کی واپسی جرم قرار دیدی، سزا کا اعلان

فائل فوٹو

بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کو دیکھتے ہوئے آسٹریلوی حکومت نے بھارت میں موجود اپنے شہریوں کی وطن واپسی پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسے جرم قرار دیدیا۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق آسٹریلوی حکومت نے فیصلہ کیاہےکہ بھارت میں موجود اس کے شہریوں کو وطن واپسی کی صورت میں سزائیں دی جائیں گی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ بھارت میں موجود آسٹریلوی شہری اگر وطن واپس جائیں گے تو انہیں پانچ سال جیل اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جب کہ اس سے قبل آسٹریلوی حکومت نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سفر پر عارضی پابندی بھی عائد کی تھی۔

آسٹریلوی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ یہ فیصلہ قرنطینہ میں موجود لوگوں کے تناسب کی بنیاد پر کیا گیا ہے جو بھارت میں کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل رواں ہفتے کے آغاز پر آسٹریلوی حکومت بھارت سے آنے والی تمام پروازوں پر بھی پابندی عائد کرچکی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیاہےکہ ایک اندازے کے مطابق بھارت میں تقریباً 9 ہزار آسٹریلوی شہری موجود ہیں جن میں 600 ابتر حالات میں ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آسٹریلیا کی حکومت نے اپنے شہریوں کی وطن واپسی کو ہی جرم قرار دے دیا ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے اعلان کیا ہےکہ ایسا کوئی بھی شہری جو 14 روز سے بھارت میں موجود ہے اور اب وطن واپسی کا ارادہ رکھتا ہے اس کے پیر کے روز سے وطن واپسی پر پابندی عائد کردی جائے گی جب کہ حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کو 5 سال جیل اور 66 ہزار آسٹریلوی ڈالر کا جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

حکومت کا کہنا ہےکہ اس فیصلے پر 15 مئی کو دوبارہ غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے طبی ماہرین نے حکومت کے اس فیصلے کی شدید مخالفت کی ہے اور ان کا کہناہےکہ سمندر پار بھارت میں ہمارے لوگ مررہے ہیں اور ان کے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، یہ انتہائی لاپرواہی ہے۔

علاوہ ازیں آسٹریلوی حکومت کے اس فیصلے سے بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے جانے والے آسٹریلوی کرکٹر بھی مشکلات کا شکار ہیں، فلائٹ آپریشن پر پابندی کے سبب کرکٹرز بھی بھارت میں پھنس سکتے ہیں۔

اس حوالے سے آسٹریلیا کے وزیراعظم کا کہنا ہےکہ کرکٹرز اپنی مرضی سے بھارت گئے اس لیے اپنی واپسی کا انتظام بھی خود کریں، ان کے لیے خصوصی پروازیں نہیں چلائی جائیں گی۔

واضح رہےکہ بھارت میں کورونا کی انتہائی بدترین صورتحال ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 4 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو دنیا بھر میں ایک روز میں کورونا کے کیسز سامنے آنے کا ریکارڈ ہے۔

مزید خبریں :