کورونا: یوم علیؓ پر ہر قسم کے جلوسوں پر پابندی عائد

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یوم علیؓ کے موقع پر ہر قسم کے جلوس نکالنے پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔

یوم علیؓ پر جلوس نکالنے کی اجازت دینے کے حوالے سے این سی او سی کا خصوصی اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شریک ہوئے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یوم علیؓ کے موقع پر جلوسوں پر پابندی کورونا کیسز بڑھنے کے باعث لگائی گئی ہے، پابندی خاص طور پرشہری علاقوں میں کورونا کیسز بڑھنے کے باعث لگائی گئی  ہے۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق یوم علیؓ کے موقع پر مجالس کے انعقاد کی اجازت ایس او پیز کے تحت ہو گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کو عالمی وبا کورونا کی تیسری لہر کا سامنا ہے اور ملک میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ 

پاکستان میں اب تک کورونا کے 8 لاکھ 25 ہزار 515 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 17 ہزار 957 افراد وبا سے زندگی کی بازی ہار بھی چکے ہیں۔  

مزید خبریں :