Time 01 مئی ، 2021
دلچسپ و عجیب

کولمبیا کے کسان نے دنیا کا سب سے وزنی آم پیدا کرکے ورلڈ ریکارڈ بنادیا

فوٹو: بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈ

کولمبیا کے کسان نے دنیا کا سب سے وزنی آم پیدا کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرالیا۔

دنیا بھر میں آم کا سیزن شروع ہونے والا ہے اور آم ایک ایسا پھل ہے جسے بطور تحفہ بھی پیش کیا جاتاہے اور اس کی کئی اقسام ہیں جن میں چھوٹے بڑے مختلف قسم کے آم شامل ہیں۔

لیکن آج ہم آپ کو ایسے آم کے بارے میں بتانے والے ہیں جسے دنیا کا سب سے وزنی آم ہونے کا عالمی اعزاز ملا ہے۔

اس آم کو کولمبیا سے تعلق رکھنے والے کسان نے اُگایا ہے جس کا وزن 4.25 کلو گرام ہے جب کہ اس سے قبل دنیا کے سب سے وزنی آم کا عالمی ریکارڈ فلپائن کے کسان کے پاس تھا جس نے 2009 میں 3.43 کلو گرام کا آم اُگا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرایا تھا۔

آم کی پیداوار کرنے والے کسان کا کہنا ہےکہ وہ دنیا پر یہ ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ کولمبیا کے لوگ نہایت عاجز اور محنت کش ہیں جو محبت کے ساتھ بہترین پھل اگاتے ہیں۔

کسان کا کہنا تھا اسے امید ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران یہ کارنامہ لوگوں میں خوشی کا سبب بنے گا۔

مزید خبریں :