کورونا ویکسین کیلئے رجسٹریشن کروانے والوں میں پنجاب سب سے آگے

پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔

ملک بھرمیں 40 سال سے زائد عمرکے افراد کو ویکسین کیلئے رجسٹر کرانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ذرائع بتاتے ہیں پاکستانی حکام اب تک 52 لاکھ 80 ہزار کے قریب کورونا ویکسین کی خوراکیں حاصل کرپائے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں اب تک 40 لاکھ 33 ہزار 200 کے قریب افراد نے خود کو ویکسین کیلئے رجسٹر کروایا جن  میں ساڑھے 24 لاکھ مرد  اور 15 لاکھ 84 ہزارکے قریب خواتین شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں صرف 25 خواجہ سرا کورونا ویکسین کیلئے رجسٹر ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ویکسین کیلئے رجسٹریشن کروانے والوں میں پنجاب 60 فیصد کے ساتھ سب سے آگے ہے اور پنجاب سے اب تک 23 لاکھ 84 ہزار 700 کے قریب افراد نے ویکسین کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسین کے حصول کیلئے ایک فیصد سے بھی کم رجسٹریشن کے سبب بلوچستان اب تک سب سے پیچھے ہے، بلوچستان سے اب تک صرف 39 ہزار 800 کے قریب افراد نے رجسٹریشن کروائی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سندھ سے 7 لاکھ 70 ہزار 100 افراد اور خیبرپختونخوا سے تقریباً 4 لاکھ 92 ہزار 300 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں جبکہ آزاد کشمیر سے ایک لاکھ 14 ہزار اور گلگت بلتستان سے 57 ہزار 600 سے زائد شہری رجسٹرد ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :