Geo News
Geo News

Time 02 مئی ، 2021
دنیا

نئی دہلی میں نیوزی لینڈ ہائی کمیشن نے ٹوئٹر پر آکسیجن سلنڈر کی اپیل کردی

بھارت میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیاں جاری ہیں اور اسپتالوں میں گنجائش اور آکسیجن نہ ملنے کے باعث اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔

گذشتہ 24  گھنٹوں میں ریکارڈ 3 ہزار  689 افراد جان سے گئے جب کہ  3 لاکھ 92 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نئی دہلی میں  نیوزی لینڈ کے ہائی کمیشن کو آکسیجن کی ضرورت پڑی تو ٹوئٹر پر اپیل ڈال دی۔

فوٹو: بھارتی میڈیا

پہلے تو بھارتی عوام نے اسے بھارت پر طنز سمجھا ، پھر ایک این جی او آکسیجن سلنڈر لے کر ہائی کمیشن پہنچ گئی اور ٹوئٹر پر ہی نیوزی لینڈ ہائی کمیشن سے کہا کہ وہ آکسیجن  لے آئے ہیں دروازہ کھولیں۔

جس کے بعد ہائی کمیشن کے دروازے کھولے گئے  اور انہوں نے آکسیجن سلنڈر وصول کرلیا  اور اس مدد پر نیوزی لینڈ کے ہائی کمیشن نے متعلقہ این جی او کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بعد ازاں ہائی کمیشن کی جانب سے سابقہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا گیا اور ایک اور ٹوئٹ کی گئی جس میں وضاحت کے ساتھ معذرت بھی کی گئی۔

نیوزی لینڈ ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ ہم ہنگامی طور پر آکسیجن سلنڈر حاصل کرنے کے لیے تمام ذرائع استعمال کررہے تھے اور اس دوران ہماری ٹوئٹ کا غلط مطلب سمجھا گیا جس پر ہم معذرت خواہ ہیں۔