دنیا
Time 02 مئی ، 2021

مودی کا ایڑی چوٹی کا زور لگانےکے باوجود مغربی بنگال الیکشن میں بی جے پی کو شکست

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے انتخابات میں مودی کی جانب سے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کو حکمران جماعت ترنمول کانگریس سے شکست ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تازہ ترین انتخابی نتائج کے مطابق مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی جماعت نے 294 میں سے 200سے زائد نشستیں حاصل کرلی ہیں جب کہ بی جے پی 65 نشستیں حاصل کرسکی ہے۔

تاہم الیکشن میں سب سے بڑا اپ سیٹ یہ ہوا ہےکہ ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مسلسل 2 بار وزیراعلیٰ رہنے والی ممتا بنر جی نندی گرام سے بی جے پی کے رکن کے مقابلے میں اپنی نشست ہا رگئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انہیں 1736 ووٹوں سے شکست ہوئی ہے اور الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی کے سابق صدر و موجودہ وزیرِ داخلہ امیت شاہ اور پارٹی کے کئی سینیئر رہنماؤں نے مغربی بنگال میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا تھا اور بی جے پی کی فتح کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے۔

دووسری جانب انتخابی نتائج پر لوگوں نے جشن کے دوران کورونا پابندیوں کو ہوا میں اڑا دیا اور سماجی فاصلے کے بغیر بنا ماسک کے سڑکوں پر نکل آئے اور رقص کیا۔

دوسری جانب ایک اور ریاست تامل ناڈو میں بھی بی جے پی کی اتحادی جماعت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس نے بی جے پی کے عزائم کو دھچکا پہنچایا ہے

مزید خبریں :