04 مئی ، 2021
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی نگرانی میں قومی کرکٹرز شان مسعود، شرجیل خان، امام الحق، اعظم خان اور نسیم شاہ ٹریننگ کر رہے ہیں۔
پہلے مرحلے میں کرکٹرز عید تک ٹریننگ کریں گے جبکہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کا پلان ہے کہ عید کے بعد بھی کرکٹرز کا کیمپ جاری رکھا جائے۔
بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ میں اپنی سمجھ اور تجربے کے ساتھ کھلاڑیوں کو بیلنس، گیند کے انتظار اور کھیلنے کیلئے وزن کی منتقلی کے عمل کی ترغیب دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شرجیل خان کو میں نے کھیلتے ہو ئے دیکھا ہے، وہ بہت زبردست کھیلا کرتے تھے لیکن جب پابندی ختم ہوئی اور وہ کھیل میں واپس آئے تو انہیں بڑھے ہوئے وزن کی وجہ سے دشواری ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ شرجیل خان ہر شعبے پر کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں وہ محنت بھی خوب کر رہے ہیں۔
محمد یوسف کا کہنا تھاکہ شان مسعود سے تفصیلی بات ہو ئی ہے، مل کر ایک ٹریننگ پلان ترتیب دیا ہے تاکہ ہم دونوں ایک پیج پر ہوتے ہوئے ٹریننگ کریں اور فائدہ ہو۔
یوسف نے بتایا کہ شان مسعودکو کہا ہے کہ ماضی میں جو ہوا وہ بھول جائیں، ہم اس کا کچھ نہیں کر سکتے جبکہ مستقبل میں کیا ہو گا وہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے اس لیے حال میں رہتے ہوئے کھیلنا ہے۔
دوسری جانب بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹسمین شرجیل خان کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ماحول بہت اچھا ہے، ماحول کی وجہ سے ٹریننگ بہت اچھی جا رہی ہے اورہر شعبے پر کام کر رہا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ فٹنس کے ساتھ کرکٹ اسکلز پر بھی محنت کر رہا ہوں، قومی ٹیم سے واپس آتے ہو ئے ٹرینر یاسر ملک نے ایک پلان دیا تھا، اب نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ٹرینرز کی نگرانی میں اس پر عمل کر رہا ہوں۔
شرجیل خان کا کہناتھا کہ پی ایس ایل سے کم بیک ہوا ہے اب کوشش ہو گی کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں اچھا پرفارم کروں۔
انہوں نے کہا کہ محمد یوسف کی موجودگی میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، قومی ٹیم میں رہتے ہو ئے بیٹنگ کوچ یونس خان سے بھی بہت فائدہ اٹھایا تھا۔