خوشاب ضمنی الیکشن میں پولنگ کا عمل جاری

فوٹو: اسکرین گریب

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 خوشاب میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

خوشاب میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

پی پی 84 خوشاب میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان، ن لیگ کے ملک معظم کلو اور  پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

ڈی پی او کا پولنگ اسٹیشنز کا دورہ

ڈی پی او خوشاب محمد نوید نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے امیدوارو۔ 

ڈی پی او خوشاب محمد نوید نے ضمنی الیکشن کے موقع پر کورونا ایس او  پیز  پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی۔

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی

ووٹنگ کے دوران کچھ پولنگ اسٹیشنز پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی دیکھنے میں آئی جبکہ بغیر پرچی کے ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے شہریوں کو واپس بھیج دیا گیا۔ 

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 687 ہے جس کے لیے حلقے میں 229 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ 43 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

فوٹو: فائل

امن و امان قائم رکھنے کے لیے 500 رینجرز اور 2800 پولیس اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ پریزائیڈنگ افسران کے ساتھ پولیس اور رینجرز کی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد اور لاہور میں کنٹرول رومز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں حساس پولنگ اسٹیشنز کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ حلقہ پی پی 84 کی نشست ن لیگ کے ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

مزید خبریں :