Geo News
Geo News

Time 05 مئی ، 2021
دنیا

انڈونیشیا میں کورونا ٹیسٹ کٹس کو دھو کر دوبارہ استعمال کرنے کا انکشاف

اسپیشل آپریشن میں پولیس افسر نے مسافر کا بھیس بدل کر ٹیسٹ کے نام پر فراڈ کا سراغ لگایا— فوٹو:فائل

انڈونیشیا میں کورونا ٹیسٹ کے نام پر فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔

انڈونیشیا کی دوا ساز کمپنی کی جانب سے کورونا کی نیزل سواب ٹیسٹ کٹس کو دوبارہ دھو کر استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کوالانامو ائیرپورٹ پرتقریباً 9 ہزار مسافروں پر استعمال شدہ ٹیسٹ کٹس دوبارہ استعمال کی گئیں۔ دواساز کمپنی مسافروں کو کوالانامو ائیرپورٹ پر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کررہی تھی۔

پولیس کے مطابق ٹیسٹ کے نام پر دھوکا دسمبر سے جاری تھا جبکہ کمپنی کے خلاف جعلی نتائج جاری کرنے کی مسافروں کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کی۔

اسپیشل آپریشن میں پولیس افسر نے مسافر کا بھیس بدل کر ٹیسٹ کے نام پر فراڈ کا سراغ لگالیا اور چھاپہ مارکر ٹیسٹ کی جگہ سے متعدد استعمال شدہ کٹس برآمد کرلیں۔

پولیس نے  فراڈ میں ملوث سرکاری دوا ساز کمپنی کے عملے کے 5 ملازمین گرفتار کرلیے ہیں۔

دوسری جانب دوبارہ ٹیسٹ کٹس استعمال کرنے پر کمپنی کو مسافروں کی جانب سے مقدمے کا سامنا ہے۔