دنیا
Time 08 مئی ، 2021

کابل میں اسکول کے قریب بم دھماکوں میں متعدد طالبات سمیت 40 افراد جاں بحق

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اسکول کے قریب بم دھماکوں میں متعدد طلبا سمیت 40 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے اسکول کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق ہوگئے اور درجنوں زخمی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں سے اکثر اسکول کی طالبات ہیں جو کہ قریبی اسکول میں پڑھتی تھیں ۔

لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے حملے میں 30 ہلاکتوں اور 52 زخمیوں کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے حملے کی وجوہات اور حملہ آوروں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے جب کہ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی مذمت بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ یہ دھماکے ایسے وقت ہوئے ہیں جب افغانستان سے امریکی افواج طویل  جنگ کے بعد واپس روانہ ہورہی ہیں۔

مزید خبریں :