09 مئی ، 2021
سپر اسٹار ماہرہ خان بالی وڈ فلموں کے بعد اب بھارتی ڈراموں میں انٹری دینے کے لیے تیار ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی چینل کی جانب سے پاکستان کی نامور اداکارہ کے ہمراہ سیریز کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت ماہرہ خان بھارتی تھیٹر ڈرامے ’یار جولاہے‘ میں نظر آئیں گی۔
یار جولاہے 12 قسطوں پر مشتمل نامور ادیب اور دانشور گلزار کی نظم سے متاثر ایک ڈرامائی سیریز ہے جس میں معروف شاعروں اور نثر نگاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
ماہرہ خان اس ڈرامے میں احمد ندیم قاسمی کی کلاسک کہانی ’گڑیا ‘ پڑھیں گی، تھیٹر ڈرامہ یار جولاہے زی نیٹ ورک کے توسط سے 15 مئی 2020 کو ٹاٹا اسکائی تھیٹر پر آن ائیر کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یار جولاہے میں ہندی اور اردو ادب کے ترقی پسند لکھاریوں مثلاً گلزار ، سعادت حسن منٹو، عصمت چغتائی، منشی پریم چند، امرتا پریتم کی کئی کہانیوں کو تازہ کیا گیا ہے جبکہ ان کہانیوں کو پڑھنے والی شخصیات میں ماہرہ خان کے علاوہ سرمد کھوسٹ، اداکارہ ثروت گیلانی ، نمرہ بچہ، فواد خان، صنم سعید ، سمعیہ ممتاز اور اداکار فیصل قریشی بھی شامل ہوں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ماہرہ شاہ رخ خان کے ہمراہ بالی فلم ’رئیس‘ میں کام کر چکی ہیں جسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔