’دورہ سعودی عرب سے وزیراعظم نےچاول کے تھیلوں کے علاوہ کیا کامیابی حاصل کی‘؟

کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دورہ سعودی عرب سےوزیراعظم نےچاول کے 19ہزار تھیلوں کےعلاوہ کیا کامیابی حاصل کی؟ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے اخراجات کا موازنہ کیا جائے، اخراجات کا زکوۃٰ کی مد میں حاصل ہونے والے چاولوں کے تھیلوں کی قیمت سے موازنہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد ایٹمی ملک کو زکوٰۃ کے چاول کے لائق بنانےکیلئے تھی؟ دعا ہے کہ خدا کسی کو ایسی جدوجہد کی توفیق نہ دے۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان سے عوام حساب لیں گے، وزیراعظم صاحب! نوٹس لے کر مہنگائی پر قابو پانےکےآپ کے دعوے بے نقاب ہوچکے، وزیراعظم کو علم ہی نہیں کہ وہ تبدیلی کے سونامی سے قیامت برپا کرچکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ تنخواہ دار تو کچھ گزارا کرسکتے ہیں، عمران خان نے دہاڑی دار مزدوروں کیلئے کیا پالیسی بنائی ہے؟  عمران خان غریبوں پر رحم کریں۔

مزید خبریں :