13 مئی ، 2021
ملک کے مختلف شہروں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں آج 13 مئی بروز جمعرات عید الفطر منانے کا اعلان کردیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے طویل اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھاکہ پاکستان بھر سے شہادتیں موصول ہوئیں اور بہت سے مقامات پر مطلع ابر آلود تھا۔
انہوں نے بتایا کہ چمن، قلعہ سیف اللہ، پسنی، پشاور اور سندھ سے شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد اتفاق سے طے پایا کہ یکم شوال المکرم 1442 ہجری 13 مئی 2021 بروز جمعرات کو ہوگی اور جمعرات کو عیدالفطر کا دن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چمن اور پشاور کی زونل کمیٹی نے چاند نظر آنے کی شہادتوں کو موصول کیا اور تصدیق کے بعد فیصلہ کرکے ہمیں پہنچایا جس کے بعد ہم نے چاند کی رویت کے اعلان کا فیصلہ کیا۔
قبل ازیں کراچی، لاہور، سکھر، ملتان وغیرہ کی زونل کمیٹیوں نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اجلاس ختم کردیے تھے۔
نماز مغرب کے وقفے کے دوران مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزادکا کہنا تھاکہ ابھی کسی علاقے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، جہاں کہیں سے بھی شہادت موصول ہو گی اس کو ضرور دیکھا جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ چاندکی پیدائش ہوگئی ہے لیکن چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ ہو تب ہی دیکھا جاسکتا ہے، پاکستان کے کسی بھی علاقے میں چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ نہیں ہے۔
علاوہ ازیں سابق وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور موجودہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہہ چکے تھے کہ سائنسی شواہد کے مطابق عید الفطر جمعہ 14 مئی کو ہوگی تاہم اب رویت ہلال کمیٹی نے جمعے کو عید کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی کا کہنا ہے کہ قوم سےكيا وعده پورا کردیا، تاخير ضرور ہوئی ليكن قوم كو ايك عيد كا تحفہ ديا، رويت ہلال كميٹی نےشريعت اسلامیہ كےمطابق گواہيوں پر فیصلہ كيا، 20 سال بعد پورى قوم ايك عيد کرے گی۔