انکل سرگم کردار کے خالق فاروق قیصر انتقال کرگئے

معروف مزاح نگار  اور  انکل سرگم جیسے  پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے۔

فاروق قیصر عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور آج وہ اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔

فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کی۔

فاروق قیصر ایک مصنف،کالم نگار ،کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر تھے اور انہوں نے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، وہ این سی اے اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی میں تدریس سے بھی منسلک رہے، انہیں 1993ء میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

 تاہم پی ٹی وی کا مشہور پروگرام 'کلیاں ' ان کی پہچان بنا جس میں انکل سرگم کے کردار نے بے پناہ شہرت دلائی، اس کردار کے ذریعے انہوں نے معاشرتی مسائل اجاگرکیے۔

مرحوم کے نواسے حسنین قیصرکا کہنا ہےکہ  فاروق قیصرکافی عرصے سےعارضہ قلب میں مبتلا تھے، ایک گھنٹہ پہلےنانا کی طبیعت خراب ہوئی، اسپتال لے جانے کے لیے ایمبولینس بلائی مگر ان کا پہلے ہی انتقال ہوگیا۔

حسنین قیصر کے مطابق فاروق قیصرکا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں،ابھی جنازے کے وقت کا فیصلہ نہیں کیا۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کا اظہار افسوس

فاروق قیصر کے انتقال پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ان کے علاوہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :