14 مئی ، 2021
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کی صورتحال پر سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مسجدِ اقصیٰ پر حملے اور فلسطین میں انسانی المیے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اسرائیلی افواج کی طرف سے مسلسل حملوں کی مذمت کی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانا تمام عالمی و انسانی حقوق کے منافی ہے،وزیرخارجہ نے وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران مشترکہ اعلامیہ کا بھی حوالہ دیا۔
ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے فلسطین کے حل اورخود مختار ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے بھی فلسطین کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور فلسطین کی صورتحال پرسعودی عرب کےاقدامات سے شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی طرف اوآئی سی کے ہنگامی اجلاس کے انعقاد میں کردار کو سراہا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کے ساتھ بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔
اس دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔