عید پرکون سی اداکارہ نے کس طرز کا لباس زیب تن کیا؟

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

عیدالفطر کے دوسرے روز پاکستان شوبز انڈسٹری کی کئی اداکاراؤں نے شوخ رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔

میٹھی عید کی خوشیاں یقیناً تیاریوں کے بغیر ادھوری رہتی ہیں، ہاتھوں پر مہندی، خوبصورت رنگوں کے کپڑے اور نازک سی جیولری ہر لڑکی تو پہنتی ہی ہے لیکن اداکاراؤں کی تیاری تو کمال ہوتی ہے۔

یمنیٰ زیدی

میٹھے لہجے میں گفتگو کرنے والی یمنیٰ زیدی نے عید کے دوسرے دن گہرے نیلے رنگ کا لباس پہنا، ساتھ ہی ہاتھ کی انگلیوں پر نازک سا مہندی کا ڈیزائن لگایا جسے مداحوں کی جانب سے کافی پسند بھی کیا گیا۔

اقرا عزیز

معروف اداکارہ اقرا عزیز نے عید کے دوسرے روز آسمانی رنگ کی لمبی فراک پہنی جس پر ہلکے گلابی رنگ کے پھول بنے ہوئے تھے، چاروں طرف فینسی لیس والے دوپٹے نے سوٹ کو چار چاند لگا دیے۔

ازیکا ڈینئل

ازیکا نے دوسرے دن سیاہ اور اور نارنجی رنگ کا خوبصورت لباس پہنا، بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ ہلکے کام والی لمبی قمیض ازیکا کے اوپر خوب جچی۔ 

اداکارہ کی سیلفیوں نے بھی کمال ڈھایا جب کہ مداحوں نے بھی ازیکا کو تعریفی کلمات سے نوازا۔

سارہ خان

گہرے گلابی اور نارنجی رنگ کے امتزاج والے لباس نے اداکارہ کے مداحوں کو کافی متاثر کیا۔ سارہ خان نے سوٹ کے ساتھ گلے میں ہرے رنگ کا ہار پہنا جب کہ بالوں کو ایک جوڑے کی شکل دی۔

عائزہ خان

انسٹاگرام کوئین عائزہ نے دوسرے روز کے لیے سفید رنگ کی لمبی گھیردار فراک کا انتخاب کیا، ساتھ ہی بڑے بڑے جھمکے پہنے۔

سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کی اس لک سے کافی زیادہ متاثر نظر آئے اور کچھ نے تو ان کی سادگی پر بھی پسندیدگی کا اظہار کیا۔


مزید خبریں :