دیپیکا اور رنویر کی شادی میں مہمانوں کو موبائل لانے کی اجازت کیوں نہیں تھی؟

فوٹو فائل

بالی وڈ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی میں موبائل لانے کی اجازت نہیں تھی جس کی وجہ اداکارہ نے خود بتائی ہے۔

دونوں اداکاروں کی شادی کی تقریبات 2018 میں اٹلی میں منعقد کی گئیں جس نے پوری دنیا کے میڈیا کی توجہ اپنی جانب سمیٹی۔

اداکار جوڑی کی شادی کی تقریب میں بہت مخصوص مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں چند قریبی رشتہ داروں کے علاوہ کچھ دوست موجود تھے۔

دیپیکا اور  رنویر کی شادی میں ایک پالیسی قائم کی گئی تھی جس کے تحت کسی کو  بھی تقریب میں موبائل فون لانے کی اجازت نہیں تھی۔ 

یہ خبر وائرل ہونے کے بعد کئی طرح کے سوالات اٹھے تاہم اداکارہ نے ایک انٹرویو کے دوران خود بتایا کہ ایسا کیوں کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ لوگ سمجھ رہے تھے ہم نے اس لیے فون لانے سے منع کیا ہے کیونکہ ہماری تصاویر کی پرائیویسی نہیں رہے گی لیکن حقیقت میں ایسا نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرائیویسی بعد میں آتی ہے اصل مقصد لوگوں کو ہر لمحہ درست طریقے سے انجوائے کروانا تھا کیونکہ فون اگر آپ کے پاس ہے تو آپ اس سے تصاویر لیتے ہیں ویڈیوز بناتے ہیں جب کہ وہ لمحہ آپ سے ضائع ہو جاتا ہے۔

دیپیکا نے کہا کہ یہ لمحات ہمارے ذہنوں، ہمارے دلوں میں محفوظ ہونے چاہئیں نا کہ موبائل فونز میں۔

اداکارہ نے بتایا کہ شادی میں شرکت کرنے والے وہ افراد جنہوں نے کبھی رقص نہیں کیا تھا، وہ اسٹیج پر آکر رقص کر رہے تھے، سب ایک دوسرے سے باتیں کر رہے تھے اور ہمارا یہی مقصد تھا۔

مزید خبریں :