16 مئی ، 2021
ملک کے مختلف شہروں میں فلسطین پر اسرائیلی بمباری اور حملوں کے خلاف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئيں۔
فلسطین پر اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف کراچی میں آئی ایس او کے تحت نمائش چورنگی سے پریس کلب تک ریلی نکالی جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی سے خطاب میں شرکاء نے کہاکہ مسلمان ممالک صفوں میں اتحاد پیداکرکے فلسطین کی ہر ممکن مددکریں، اسرائیل فلسطینوں پربدترین ظلم کررہاہے۔
اسرائیلی مظالم کے خلاف لاہور میں مجلس وحدت مسلمین اور انجمن طلباء اسلام نے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔
قائدین نے خطاب میں زور دیا کہ مسلم ملکوں کے سربراہ اس موقع پر آگے آئيں۔
لاہور میں ہی تحریک انصاف علماء ونگ کی جانب سے سندر میں ریلی نکالی گئی جبکہ ریلی کے شرکاء نے اقوام متحدہ سے فلسطین میں اسرائیلی مظالم بند کرانے کا مطالبہ کیا۔
کوئٹہ میں فلسطین فاؤنڈ یشن کے زیر اہتمام بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گيا۔
مظاہرےمیں جماعت ا سلامی، شیعہ کانفرنس، مجلس وحدت مسلمین سمیت مختلف جماعتوں کےرہنماء شریک ہوئے اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی اسرائيلی بربریت کا فوری نوٹس لیں۔