جنرل اسمبلی کا اجلاس: ‘فلسطینی وزیر خارجہ کی روانگی میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں‘

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے فلسطینی وزیر خارجہ کی روانگی میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی فلسطین کے معاملے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے ہیں اور وہ ترکی پہنچ گئے ہیں۔

جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 20 تاریخ کو ہنگامی اجلاس ہورہا ہے، میرے ساتھ ترکی اور فلسطین کے وزیر خارجہ نیویارک روانہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی وزیر خارجہ کی روانگی میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں، ہم فلسطینی وزیر خارجہ کا ترکی میں انتظار کررہے ہیں، ہماری روانگی میں تاخیر ہورہی ہے، ہم آج نہیں کل روانہ ہوں گے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین سے ہم آنکھ نہیں چرا سکتے، وزیراعظم نے 21 تاریخ کو فلسطین سے اظہار یکجہتی کی کال دی ہے۔

واضح رہےکہ فلسطین پر اسرائیل کے بے رحمانہ حملوں اور 200 سے زائد فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد پیدا شدہ صورتِحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس 20 مئی کو طلب کرلیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سرائیل فلسطین تنازع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی بند کمرہ اجلاس آج ہو گا۔

مزید خبریں :