کراچی آندھی، نجی بینک کی کثیر المنزلہ عمارت کے شیشے اکھڑ کر نیچے گر گئے

کراچی میں گرد وغبار کے طوفان نے ہلچل مچادی، مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے بعد ہلکی بارش  ہوئی۔

طوفانی ہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں، دیواریں ، درخت ، بجلی کے تار اور پی ایم ٹی گرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔

مختلف واقعات میں 10 سالہ بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے، راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال پر لگا اشتہاری بورڈ گرگیا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔

اس کے علاوہ آئی آئی چندریگر روڈ پر نجی بینک کی کثیر المنزلہ عمارت کے شیشے اکھڑ کر نیچے گر گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کراچی کی آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع یونائیٹڈ بینک لمیٹد انتظامیہ کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ وہ ان تمام شہریوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کراچی کے طوفانی موسم میں ہیڈ آفس کی عمارت پر رونما ہونے والے حادثے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

بینک کا کہنا ہے کہ وہ تمام لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ اللہ کے فضل و کرم سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا،،ملبہ گرنے سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔

مزید خبریں :