20 مئی ، 2021
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیش گوئی کی ہےکہ عمران خان اور حواری لوٹ مار کے بعد لندن بھاگ جائیں گے۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ عمران خان اور ان کے حواری پرویز مشرف کی طرح لوٹ مار کے بعد ملک کو تباہ کرکے لندن بھاگ جائیں گے،خدشہ ہےکہ اگر عمران خان کا اقتدار اپنی مدت پوری کرگیا تو ملک دیوالیہ نہ ہوجائے۔
بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ عمران خان ملک کو اتنا بدحال کرچکے ہیں کہ آئندہ آنے والی حکومتیں دہائیوں تک ان زخموں کا ہرجانہ بھرتی رہیں گی، آئندہ کئی نسلوں نے عمران خان کی تبدیلی کی خوف ناک قیمت ادا کرنا ہے، ملک کی معاشی تباہی کے ذمہ دار عمران خان کا سب سے بڑا جرم ملک کے نوجوانوں کی امیدوں کا قتل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو معاشی بحران ورثے میں نہیں ملا بلکہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملک میں معاشی بحران پیدا کیا ہے، ایک ایسا حکمران کیسے ملک چلاسکتا ہے کہ جس کی باتوں کو کوئی سنجیدہ لینے تک کو تیار نہیں،کورونا وائرس کی وبا تو بعد میں آئی ہے، عمران خان اس سے پہلے ہی ملکی معیشت کا جنازہ نکال چکے تھے۔
انہوں نےکہا کہ پی ٹی آئی کے منتخب نمائندے اپنے انتخابی حلقوں میں مہنگائی کے مارے عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں،عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان بدترین سیاسی، انتظامی اور مالی بحران کا شکار ہوگیا ہے۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے مدت پوری کی تو ملک کے دیوالیہ ہونےکا خدشہ ہے،کورونا سے پہلے ہی عمران خان معیشت کا جنازہ نکال چکے تھے، آنے والی نسلیں عمران خان کی تبدیلی کی قیمت ادا کریں گی۔