22 مئی ، 2021
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی سے اپریل کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 32 فیصد کم ہو کر 1.55 ارب ڈالر رہی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اسٹاک مارکیٹ سے 10 ماہ میں 28 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری نکالی گئی، رواں مالی سال 10 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 3 ارب 73 کروڑ ڈالر رہا اور مجموعی طور پر سرمایہ کاری 40 فیصد کم ہوئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں سال صرف اپریل کی بات کی جائے تو بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 61 کروڑ ڈالر رہا، اپریل میں ڈھائی ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز کی فروخت کے سبب ملکی سرکاری شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم دو ارب 46 کروڑ ڈالر رہا۔
اپریل میں ملکی نجی شعبے میں 14 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ اپریل کے اعداد شامل کرنے کے بعد رواں سال ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 3 ارب 73 کروڑ ڈالر ہوگیا ہے۔ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں ملکی نجی شعبے میں ایک ارب 27 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 10 مہینوں سے تقریباً 40 فیصد کم ہے۔
اس کے علاوہ 10 ماہ میں ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 32 فیصد کم ہوکر ایک ارب 55 کروڑ ڈالر رہی جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری 53 فیصد کم ہوئی۔
10 مہینوں میں اسٹاک مارکیٹ سے بیرونی سرمایہ کاروں نے 28 کروڑ ڈالر نکالےہیں۔ اپریل میں ڈھائی ارب ڈالر کے یورو بانڈز کے اجراء سے ملکی سرکاری شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 46 کروڑ ڈالر ہوگیا ہے۔ گذشتہ مالی سال سے یہ تقریباً 1ہزار ایک سو پچاس فیصد زائد ہے۔