Geo News
Geo News

Time 25 مئی ، 2021
پاکستان

پشاور ہائیکورٹ نے مرغی اور گوشت کی برآمد روکنےکا حکم دے دیا

پشاور ہائی کورٹ نے ضم اضلاع کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بارڈر جانے والے راستوں پر مرغی اور گوشت کی برآمد کی اجازت نہ دینےکا حکم دے دیا۔

پشاورہائی کورٹ میں پولٹری کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سیکرٹری فوڈ ، اسپیشل سیکرٹری ایگریکلچر، فوڈ کمیشن کے وفاقی کمشنر ، ڈی سیز اور اے جی اور اے اے جی عدالت میں پیش ہوئے۔

 چیف جسٹس نے پولٹری کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جب تک گوشت اور چکن کی قیمتیں کم نہیں ہوتیں ایکسپورٹ کی اجازت نہیں ہوگی، قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

چیف جسٹس قیصر رشید خان نے مزید ریمارکس میں کہا کہ مرغی اور گوشت کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دو ہوتی جارہی ہیں، کوئی خرید ہی نہیں سکتا چینی اور آٹا مافیا کے بعد لگتا ہے اب گوشت اور مرغی مافیا سرگرم ہوگیا ہے ۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ اس کا کوئی حل نکالا جائے اور جو پولٹری فارمنگ ہے اس کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں، سماعت 10 جون تک ملتوی کردی گئی ۔