27 مئی ، 2021
ڈی جے سے اداکار بننے والے علی سفینہ اور پاکستانی ماڈل و اداکارہ حرا ترین نے اپنی محبت کی کہانی سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔
اداکار جوڑی حال ہی میں ایک نجی ٹی وی میں جلوہ گر ہوئیں اور میزبان کے سوال پر 7 سال قبل ہوئی محبت اور پھر شادی کی کہانی سے متعلق مداحوں کو بتایا۔
اداکار علی سفینہ نے بتایا کہ میں نے حرا کو ملاقات سے قبل تصویروں میں دیکھا تھا لیکن اندازہ نہیں تھا کہ یہ تصویروں سے نکل کر ایک دن اچانک سامنے بھی آجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ملاقات ایک باہمی دوست کے گھر ہوئی اور حرا نے مجھے دیکھ کر فوراً کہا کہ آپ تو جانے پہچانے لگ رہے ہیں تب میں نے حرا کو بتایا کہ میں تو ٹی وی پر آتا ہوں۔
اس موقع پر حرا نے بتایا کہ اگرچہ ہمارے مزاج مختلف ہیں لیکن ہم میں بہت سی چیزیں ایسی ہیں جو مشترک ہیں جیسے کہ میوزک کا شوق اور ہماری پہلی گفتگو میوزک کو لے کر ہی شروع ہوئی اور پھر ملاقاتیں بڑھتی چلی گئیں۔
اداکارہ حرا ترین کے مطابق ہم دونوں نے 6 ماہ بعد اپنی پسند سے متعلق دونوں خاندانوں کو آگاہ کیا۔
شو میں گفتگو کرتے ہوئے علی سفینہ کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنے گھر والوں کو حرا سے متعلق بتایا تو سب نے تعاون کیا اور جب شادی ہوئی تو تقریباً 70 سے زائد لوگ ٹرین کے ڈبے بھر بھر کر کراچی پہنچے اور پھر ہم حرا کے گھر بارات لے کرگئے، ہماری شادی خالصتاً پنجابی شادی تھی۔
جب کہ حرا نے بتایا کہ چونکہ میرے والد امریکا میں تھے اس لیے انہوں علی سے فون پر صرف ایک سوال کیا تھا کہ آپ کا بیک اپ پلان کیا ہے اس پر علی نے جواب دیا کہ ان کا بیک اپ پلان صرف اداکاری ہے، اگرچہ والد کو علی کا جواب تھوڑا پریشان کن لگا لیکن بھائی نے علی کی صاف گوئی کو پسند کیا۔