Geo News
Geo News

Time 27 مئی ، 2021
انٹرٹینمنٹ

بامسی بے کو الوداع، مداح غم میں مبتلا

بامسی بے کے چاہنے والے افسردہ ہیں- فوٹو سوشل میڈیا

معروف ترکش سیریز ارطغرل غازی سے آغاز کرنے والے بامسی بے کا کردار کورلش عثمان میں اپنے اختتام کو پہنچا۔

مسلمانوں کی مثالی اور تاریخی فتوحات پر مبنی سیریز کورلش عثمان میں نوجوانوں کا حوصلہ بڑھانے اور انہیں سیدھی راہ دکھانے والے بامسی بے کو ان کے چاہنے والے اب مزید نہیں دیکھ سکیں گے۔

گزشتہ شب سیریز کے دوسرے سیزن کی 60 ویں قسط نشر کی گئی جس میں بامسی بے کا انتقال ہوگیا۔ 

ناظرین پر اپنا سحر طاری کرنے والی سیریز میں ارطغرل کے وفادار ساتھی کی موت نے پاکستانیوں کو غم سے نڈھال کردیا جس کے بعدٹوئٹر پر اب تک بامسی بے کے ہیش ٹیگ میں 13 ہزار سے زائد ٹوئٹ کیے جاچکے ہیں۔

ایک صارف نے موت کے سین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا اور لکھا کہ 7 سال بعد یہ واقعی چلے گئے۔

الشبہ بنتِ عثمان نامی صارف کا کہنا تھا کہ بامسی بے کا کردار ایک وفادار دوست، عقلمند شخص، ایک سچا غازی اور ہر لحاظ سے مکمل مرد ہونے کی اعلیٰ مثال تھی،  بامسی بے کا سفر اختتام کو پہنچا لیکن لوگ اب تک انہیں کھونے کیلئے تیار نہیں تھے۔

ایک صارف نے کہا آج رات ہم سب سے بہترین اور مثالی کردار کو الوداع کہتے ہیں جب کہ دیگر صارفین نے بھی اس کردار کے ختم ہونے پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ 

واضح رہے ارطغرل کے وفادار دوستوں میں سے صرف عبدالرحمٰن غازی اور بامسی بے کا کردار ہی کورلش عثمان کے دونوں سیزن میں موجود تھے۔