27 مئی ، 2021
نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے حالیہ اسرائیلی جارحیت سے متاثر غزہ کے بچوں کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ملالہ یوسف زئی کی جانب سے یہ رقم غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں کام کرنے والی این جی اوز کو دی جائے گی جو کہ غزہ میں بچوں کی فلاح کے لیے استعمال ہوگی۔
یہ رقم سے غزہ میں حالیہ اسرائیلی بمباری سے تباہ اسکولوں کی تعمیر، غذائی کمی کا شکار بچوں کی امداد اور صاف پانی سمیت دیگر منصوبوں پر خرچ ہوگی۔
ایک ٹوئٹ میں ملالہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی بچے بھی امن کے ساتھ رہنے اور اپنے گھروں میں محفوظ محسوس کرنے سمیت تعلیم یافتہ ہونے اور اپنے خوابوں کی تعبیر کے مستحق ہیں۔
ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ مجھے فلسطینی بچوں کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کا ساتھ دینے پر فخر ہے۔
خیال رہے کہ غزہ پر حالیہ اسرائی جارحیت کے نتیجے میں وہاں 66 بچے شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جب کہ 50 سے زیادہ اسکول بھی تباہ ہوئے ہیں۔