سلمان کی فلم ’رادھے‘ پر لڑائی، میکا نے فلمی ناقد کو چوہا اور گدھا قرار دے دیا

اگر انہوں نے مجھ پر تبصرہ کیا تو کیس نہیں کراؤں گا بلکہ سیدھا تھپڑ ماروں گا، میکا کی کے آر کے کو دھمکی— فوٹو:فائل

بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’رادھے دی موسٹ وانٹڈ بھائی‘ پر تنازع میں گلوکار میکا سنگھ بھی کود پڑے۔

گزشتہ دنوں سلمان خان کے وکلا کی ٹیم نے فلمی ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا تھا جس پر کہا گیا تھا کہ یہ مقدمہ فلم رادھے کے باعث کیا گیا۔

تاہم گزشتہ دنوں سلمان کے وکلا نے اس کی تردید کی تھی اور مقدمے کو سلمان کی این جی او سے جوڑا تھا۔

اب اس معاملے پر لفظی گولہ باری جاری ہے اور اس جنگ میں گلوکار میکا سنگھ بھی کود پڑے ہیں۔ 

اپنے ایک بیان میں میکا سنگھ نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ سلمان نے اس کے خلاف کیس کرنے میں اتنا وقت کیوں لگایا، اس جیسے ’گدھے‘ کو جتنا جلدی ہوسکے سبق سکھانا چاہیے کیونکہ یہ ہمیشہ ذاتی نوعیت کے حملے کرتا ہے۔

اس کے بعد میکا نے مزید کہا کہ کے آر کے میرے پڑوسی ہیں، اگر انہوں نے مجھ پر تبصرہ کیا تو کیس نہیں کراؤں گا بلکہ سیدھا تھپڑ ماروں گا۔

میکا نے راشد خان کو ’چوہا‘ بھی قرار دیا۔

دوسری جانب کمال راشد خان نے بھی میکا سنگھ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور انہیں ’چیرکُٹ‘ گلوکار قرار دیا۔

مزید خبریں :