30 مئی ، 2021
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت آزادکشمیر کے انتخابات میں مرضی کے نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھاکہ عمران خان بطور وزیراعظم الیکشن میں مداخلت کریں گے تو ہم لحاظ ختم کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان الٹے لٹک کربھی آجائیں تو بھی آزاد کشمیر صوبہ نہیں بن سکتا۔
راجا فاروق حیدر کا کہنا تھاکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی طرف سے آزادکشمیر کے الیکشن ملتوی کرنے کا خط لکھا، این سی او سی نے کہا کہ 2 ماہ کیلئے انتخابات ملتوی کردیں لیکن الیکشن صرف اسی صورت ملتوی ہوسکتے ہیں جب بیرونی جارحیت ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے خط آزاد کشمیر کے ووٹرز کی توہین ہیں، یہ اختیار آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کو حاصل ہے، حکومت گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر کے الیکشن ملتوی کرانا چاہتی ہے تاکہ مسلم لیگ ن میں توڑ پھوڑ کی جائے تاہم یہ طریقہ آزاد کشمیر میں سیاسی کشیدگی پیدا کرے گا۔
وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان آزادکشمیرکے انتخابات کے قوانین سے باخبر ہی نہیں، آزاد کشمیر کا اپنا الیکشن کمیشن ہے جس میں پاکستان کا کوئی دخل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں آزادکشمیر میں کرپٹ حکومت کا خاتمہ کریں گے، میرا ایک وزیرآدھا گھنٹہ پہلےتک کرپٹ تھا، پھر وزیراعظم نے ان کے گلے میں پٹا ڈالا، جو وزراء کل شامل ہوئے انہوں نے مسلم لیگ ن اورنوازشریف سے وفاداری کاحلف اٹھایا، حلف اپنی مرضی سے سب نے اٹھایا، کسی کومجبور نہیں کیاگیا۔