30 مئی ، 2021
کویت نے 10 سال بعد پاکستانیوں کیلئے فیملی، بزنس اور ٹیکنیکل ویزا بحال کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات کی جس میں کویتی وزیر داخلہ اورپاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاک،کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کی امور پر گفتگو کی گئی جبکہ وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم سے ویزا بحالی پر بھی بات چیت کی۔
اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2011 سے بند پاکستانی شہریوں کیلئے کویتی ویزے کی بحالی پر بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک نے فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے جبکہ خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر کویت جا سکیں گے۔
اس موقع پر کویتی وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان اور کویت کے عوام کے درمیان محبت اور اعتماد کا رشتہ ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں، پاکستانی خاندانوں، کاروباری طبقے کو کویتی ویزے کی بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی لیبرکا کویت کی ترقی میں بہت اہم کردار ہے، ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔