01 جون ، 2021
پاکستان نے اسرائیل کے سابق وزیر دفاع نفتالی بیننٹ کی جانب اسلام آباد کی شفاء انٹرنیشنل اسپتال کو حماس کا میڈیکل کمپلیکس قرار دینے پر احتجاج کیا ہے۔
اسرائیل کے سابق وزیر دفاع نے 20 مئی کو ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے شفاء انٹرنیشنل اسپتال کو فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کا بڑا میڈیکل کمپلیکس قرار دیا تھا۔
اب اس معاملے پر پاکستان نے اسرائیل کے سابق وزیردفاع کی غلط بیانی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے سابق وزیر کے بیان میں پاکستانی عمارت کے غلط استعمال پر شدید تحفظات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر دفاع کا بیان دیکھا ہے جوکہ واضح طور پر جان بوجھ کر کی گئی حرکت ہے۔