کے الیکٹرک صارفین پر ایک ارب 5 کروڑ روپے کا بوجھ ڈال دیا گیا

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے لیکٹرک کی جون سے دسمبر 2020 تک سات مہینوں کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کر دیا۔

نیپرا کے مطابق 7 ماہ کیلئے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت 4 ماہ کیلئے ٹیرف میں اضافہ جبکہ 3 ماہ کیلئے ٹیرف میں کمی کی گئی ہے۔

نیپرا نے بتایا کہ جون 2020 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 75 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی جبکہ جولائی 2020 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 73 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا۔

اگست 2020 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 31 پیسے فی یونٹ جبکہ ستمبر 2020 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 71 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا۔

اکتوبر 2020 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 پیسے فی یونٹ  جبکہ نومبر 2020 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک روپے 10 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔

نیپرا کے مطابق دسمبر 2020 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا جبکہ جون، جولائی ، اگست اور اکتوبر 2020 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق جون 2021 کے مہینےکے بل میں ہوگا۔

ستمبر، نومبر اور دسمبر 2020 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق جولائی 2021 کے مہینے کے بل میں ہوگا۔

نیپرا کے مطابق ٹیرف میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا جبکہ ٹیرف میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن اور زرعی صارفین پر ہوگا۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ 7 مہینوں کی ایڈجسٹمنٹ سے مجموعی طور پر صارفین پر ایک ارب 5 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

مزید خبریں :