05 جون ، 2021
پاکستان شوبز انڈسٹری سے منسلک معروف اداکار بہنیں ایمن اور منال کی والدہ نے گزشتہ روز مرحوم شوہر کی یادگار تصویر شیئر کی۔
عظمیٰ مبین نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کی دو تصاویر پوسٹ کیں جس کے کیپشن میں دکھ اور رنج سے بھرے الفاظ تحریر تھے۔
انہوں نے لکھا کہ 'ساری خوشیاں ملا کر دیکھیں، تیرے جانے کا غم زیادہ ہے'۔
والدہ کی پوسٹ پر ایمن نے کمنٹ کیا کہ 'بابا میری محبت، ہم آپ کے بغیر نامکمل ہیں'۔ جب کہ منال خان نے بھی جذباتی انداز میں کہا کہ 'سارے جہاں کی خوشی ملانے کے باوجود غم بہت زیادہ ہے'۔
اس پوسٹ پر اداکارہ صبور علی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایمن منال اور ان کی والدہ کو ہمت اور پیار دیتے ہوئے کہا کہ 'اللہ اس غم کے بدلے آپ کی اولاد کو سارے جہاں کی خوشیاں اور کامیابیاں عطا کریں گے اور وہ سب بھی جو ہماری سوچ سے دور ہے'۔
والدہ کی اس پوسٹ کو ایمن خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھی شیئر کیا اور لکھا کہ 'یہ آپ کی سالگرہ کا مہینہ ہے لیکن آپ یہاں ہمارے ساتھ موجود نہیں ہیں، بابا میں آپ کو یاد کرتی ہوں'۔
خیال رہےکہ ایمن اور منال کے والد 31 دسمبر 2020 کو طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔