شوہر سے 5 سال بڑی ہوں: جیا علی

فوٹو فائل

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ جیا علی نے اپنے شوہر کے حوالے سے کچھ حقائق بتائے ہیں۔

نوبیاہتا جوڑے نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اپنی پہلی ملاقات کے حوالے سے بتایا جس میں جیا علی نے کہا کہ ان کی عمران سے دوستی فیس بک کے ذریعے ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ’میری عمران سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ کراچی خاص طور پر میرے گھر رشتہ لے کر آئے، وہ انتہائی سچے ہیں جس کی وجہ سے یہ مجھے پسند آئے‘۔

 جب کہ عمران کا جیا کی خصوصیات کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’ان میں کوئی بناوٹ نہیں ہے، ان کا ظاہر اور باطن دونوں ایک جیسا ہے۔

جیا علی کا مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہنا تھا کہ 'میری عمر 48 برس ہے اور عمران سے 5 سال بڑی ہوں جس سے ان کی فیملی یا ان کو کوئی مسئلہ نہیں، تو برائے مہربانی آپ بھی اسے کسی قسم کا مسئلہ مت بنائیے گا، عمر میں کچھ نہیں رکھا، میں نے دیر سے شادی کی اور میں یہ فخریہ کہہ سکتی ہوں کیونکہ کسی کتاب میں ایسا نہیں لکھا کہ آپ نے 16 سال کی عمر میں شادی کرنی ہے یا آپ 60 سال کی عمر میں شادی نہیں کرسکتے'۔

دوسری جانب عمران ادریس نے کہا کہ وہ ہانگ کانگ سے جلد ہی پاکستان شفٹ ہوجائیں گے، ان کی والدہ کی طبعیت ناساز ہے۔

خیال رہے کہ جیا علی نے مئی کے اختتام پر بزنس مین، کرکٹ کوچ اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران ادریس سے چھوٹی سی تقریب میں لاہور میں شادی کی۔ 

اداکارہ کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کے بعد مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

مزید خبریں :