05 جون ، 2021
پشاورمیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی فضل الٰہی نے لوڈشیڈنگ کے دوران رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں گھس کر بجلی بحال کردی۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی سیکرٹری فضل الٰہی بجلی کی بڑھتی لوڈشیڈنگ پر شہریوں اور پولیس کے ہمراہ رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پہنچے۔
ایم پی اے نے واپڈا حکام کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور بجلی چوروں کے خلاف ایکشن لینے کا کہا اور بجلی بحال کی۔
بجلی بحالی کے بعد شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے فضل الٰہی کا کہنا تھا کہ عوام واپڈا اہلکاروں کو بجلی لوڈشیڈنگ کرنے پر گریبان سے پکڑیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ واپڈا حکام لوڈ شیڈنگ کی بجائے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرے۔
فضل الٰہی کا کہنا تھا کہ اپنے حلقے میں بجلی گیس لوڈشیڈنگ ہرگز بردداشت نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ بجلی لوڈ شیڈنگ کی گئی تو وہ زمیندار بندے ہیں، بھوسہ ساتھ رکھتے ہیں اور بجلی لوڈشیڈنگ پر واپڈا اہلکاروں کے سامنے بھوسہ جلائیں گے۔