شوبز شخصیات ہانیہ اور عاصم کی حمایت میں سامنے آگئیں

فوٹو فائل

اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کی حمایت میں شوبز شخصیات سامنے آگئیں۔

 ہانیہ عامر اپنی وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد سے اب تک صارفین کی تنقید کی زد میں ہیں جب کہ عاصم اظہر کی معنی خیز میم والی ٹوئٹ نے ہانیہ کے مداحوں کو طیش دلا دیا جس کے بعد دونوں کے مداح ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری کررہے ہیں۔

عاصم کی ٹوئٹ سے جہاں ہانیہ کے مداح آگ بگولہ ہوئے وہیں کچھ اداکار بھی ہانیہ کی حمایت میں بول پڑے۔

میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ نے اس معاملے پر کہا کہ جس طرح لوگ ہماری انڈسٹری کی خواتین کے ساتھ سلوک کررہے ہیں یہ انتہائی پریشان کن ہے، جو کام وہ کررہی ہیں اگر آپ کو نہیں پسند تو آپ بے شک انہیں ان فولو کرسکتے ہیں لیکن انہیں پرکھنا اور ٹرول کرنا بند کریں۔

گلوکار علی ظفر نے بھی ہانیہ کی حمایت میں ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کچھ سال قبل ماہرہ خان کیلئے کی گئی پوسٹ دوبارہ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ہانیہ کو مخاطب کیا اور کہا کہ میں آپ کو بھی یہی یقین دہانی کرواتا ہوں۔

گوہر رشید نے عاصم کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس معاشرے کا حصہ ہونے کی حیثیت سے جہاں ہم عورتوں کو برابری کا درجہ دیتے ہیں، ان کی عزت کرتے ہیں ایسے میں سلیبریٹی ہوتے ہوئے کسی بھی لڑکی پر دھونس جمانا انتہائی غلط ہے۔

دوسری جانب کچھ فنکاروں نے عاصم کے حق میں آواز اٹھائی۔

متھیرا کا کہنا تھا کہ عاصم کو سوشل میڈیا پر شدید تنگ کیا گیا، کسی کو یہ احساس تک نا ہوا کہ اس کو تکلیف ہورہی ہوگی، صرف اس لیے کہ وہ ایک مرد ہے اور مرد کو درد نہیں ہوتا جب کہ عاصم وہ شخص ہے جو کسی کو کبھی تنگ نہیں کرسکتا، مجھے نہیں معلوم ان سب میں اسے کیوں گھسیٹا جارہا ہے۔

عاصم کبھی کسی کو پریشان نہیں کرسکتا- متھیرا____فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

اداکارہ صبا قمر نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی جس میں وہ عاصم کو سپورٹ کرتے ہوئے ان ہی کا گانا گنگنا رہی ہیں۔ 

علاوہ ازیں زارا نور عباس نے بھی اپنے اور اسد کے ہمراہ عاصم کی تصویر شیئر کی۔


فوٹو انسٹاگرام

اداکار یاسر حسین اس سارے معاملے میں غیر جانبدار دکھائی دیے۔ انسٹاگرام اسٹوری میں اداکار کا کہنا تھا کہ سائبر بلنگ اچھی چیز نہیں ہے پھر چاہے مرد ہو یا عورت، عاصم ہو یا ہانیہ۔

لوگ نہیں سدھریں گے، یاسر حسین___فوٹو انسٹاگرام

انہوں نے کہا کہ لوگ یہاں عمران خان سے لے کر ماہرہ خان کسی کو نہیں چھوڑتے، انڈسٹری کچھ جاہل لوگوں کے بے کار تبصروں کی وجہ سے دو حصوں میں نہیں بنٹنی چاہیے۔

مزید خبریں :