ٹرین حادثے پر شوبز شخصیات افسردہ

فوٹو انسٹاگرام

سندھ کے علاقے ڈہرکی کے مقام پر پیش آنے والے المناک حادثے پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز پیش آئے واقعے میں اب تک 62 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 100 سے زائد زخمی ہیں، اس واقعے پر گلوکار عاصم اظہر سمیت کئی اداکاراؤں نے جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے لیے دعا کی۔

اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے اس حادثے کو خوفناک قرار دیا، انہوں نے متاثرہ افراد کیلئے دعا کرتے ہوئے تعزیت بھی کی جب کہ اداکارہ نے واقعہ کی تحقیقات کی اپیل کی۔

کبریٰ خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ٹرین حادثہ انتہائی دل شکستہ تھا، انہوں نے متاثرین کیلئے دعائیہ کلمات بھی کہے۔

گلوکار عاصم اظہر نے متاثرہ افراد کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔

انہوں نے لوگوں سے اس حادثے میں انتقال کر جانے والوں کیلئے دعا کی درخواست کی۔

اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ کہ گھوٹکی میں پیش آنے والے ٹرین کے خوفناک حادثے کے بارے میں خبر سنی، میری دعا ہے ان لوگوں کیلئے جو اس سانحے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔ 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم متاثرین کے چاہنے والوں کے مقروض ہیں، واقعے کی مکمل تفتیش ہونی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ ایسا دوبارہ کبھی نہیں ہوگا۔

اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنے پیغام میں شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ افراد کیلئے دعا کی۔


مزید خبریں :