10 جون ، 2021
بھارت میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب دلہن نے عین موقع پر اپنے دولہا کو ہی قبول کرنے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا جہاں ایک شادی کی تقریب کے لیے تمام تیاریاں مکمل تھیں اور دلہن کے گھر والے بے تابی سے باراتیوں کے انتظار میں تھے۔
باراتیوں کی آمد پر جہاں سب خوشی سے نہال ہوئے وہیں دلہن کا موڈ ہی خراب ہوگیا اور اس نے شادی رکوادی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ شادی کے موقع پر جب دلہن کی دولہا پر نظر پڑی تو وہ گٹکا چبا رہا تھا جو اسے انتہائی ناگوار گزرا اور اس نے فوری طور پر شادی سے انکار کردیا، لڑکی کے گھر والے اسے راضی کرنے میں مصروف رہے لیکن لڑکی اپنی بات پر قائم رہی اور شادی روک دی گئی۔
بعدازاں لڑکے اور لڑکی والوں نے ایک دوسرے کو دیے جانے والے تحائف بھی واپس کردیے اور یوں بارات واپس لوٹ گئی۔
اس سے قبل بھی ایک ایسا واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا تھا جب دولہا اپنی ہی شادی پر نشے میں دھت آیا تھا اوردلہن کو زبردستی ناچنے کا کہہ رہا تھا تاہم دلہن نے شادی کرنے سے منع کردیا تھا۔