12 جون ، 2021
جامعہ کراچی کے اندر رات گئے پھٹنے والی پانی کی لائن کی مرمت مکمل نہ ہوسکی۔
گزشتہ روز جامعہ کراچی کے اندر 84 انچ قطر کی پانی کی لائن پھٹ گئی تھی جس کے بعد صفورا چورنگی پر پانی جمع ہوگیا۔
پانی کی لائن کی مرمت مکمل نہ ہوسکی ہے جس کے باعث اب بھی پانی کا بہاؤ جاری ہے۔ صفورا چورنگی اور اطراف کی گلیاں تالاب بن گئیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔
ضلع وسطی اور دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہے جبکہ واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ لائن کی مرمت کاکام رات تک مکمل کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے یونیورسٹی روڈ کا دورہ کیا اور پائپ لائن کے مرمتی کام کا جائزہ لیا۔
انہوں نے واٹر بورڈ حکام کو ہدایت کی کہ مرمتی کام تیز کیا جائے اور رات تک پانی کی فراہمی کی بحالی یقینی بنائی جائے۔