14 جون ، 2021
بالی وڈ کی مقبول ترین فلم بجرنگی بھائی جان میں منی کا کردار کرنے والی چائلڈ اسٹار ہرشالی ملہوترا نے حال ہی میں اپنی 13ویں سالگرہ منائی۔
ہرشالی نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے کیرئیر اور حالیہ مصروفیات کے بارے میں بتایا۔
بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی ہرشالی ملہوترا نے بتایا کہ بڑے ہوکر ایک قابل اداکارہ بننا چاہتی ہوں اور شاندار فلموں میں کام کرکے ایوارڈز حاصل کرنے کی خواہاں ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ فی الحال میرا سارا دھیان پڑھائی پر ہے، سوشل میڈیا محض دوستوں سے بات چیت یا کام کیلئے استعمال کرتی ہوں، باقی سوشل میڈیا پوسٹ اور کمنٹس وغیرہ والدہ دیکھتی ہیں۔
ہرشالی کا کہنا تھا کہ بجرنگی بھائی جان میں اداکاری کرنے کے بعد بے شمار آفرز آئیں لیکن کوئی بھی کردار منی جتنا بڑا نہیں تھا لہٰذا میں نے کسی آفر کو قبول نہیں کیا۔
سلمان خان سے رابطہ ہونے کے حوالے سے ہرشالی ملہوترا نے بتایا کہ سلمان خان کی سالگرہ یا مختلف تہواروں پر ان سے بات ہوجاتی ہے لیکن سلمان کی مصروفیات کے باعث انہیں زیادہ فون نہیں کرتی۔
اداکارہ نے انٹرویو میں اپنے پسندیدہ اداکاروں سے متعلق بتایا کہ سلمان خان کے علاوہ رنویر سنگھ اور اکشے کمار بے حد پسند ہیں جب کہ اداکاراؤں میں کرینہ، کترینہ اور دیپیکا پسندیدہ ہیں۔
واضح رہے کہ 2015 میں کبیر خان کی ہدایتکاری میں بننے والی بھارتی فلم بجرنگی بھائی جان کو بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں پذیرائی حاصل ہوئی تھی اور اس فلم نے باکس آفس کے سابقہ کئی ریکارڈز توڑے تھے۔
فلم میں بے زبان معصوم بچی کا کردار ہرشالی ملہوترا نے نبھایا تھا اور اس وقت ان کی عمر 7 سال تھی۔