دنیا
Time 14 جون ، 2021

امریکی دوا سازکمپنی نووا ویکس کا اپنی کورونا ویکسین کے 90 فیصد مؤثر ہونے کا دعویٰ

کلینیکل ٹرائل کے تیسرے مرحلے میں ان کی بنائی ویکسین کورونا کیسز میں 100 فیصد تحفظ فراہم کرنے میں کامیاب رہی، دوا ساز ادارے کا دعویٰ— فوٹو:فائل 

امریکی دوا سازکمپنی نوواویکس نے  اپنی کورونا ویکسین کے 90 فیصد مؤثر ہونے کا دعویٰ کردیا۔

نوواویکس کے مطابق کلینیکل ٹرائل کے تیسرے مرحلے میں ان کی بنائی ویکسین کورونا کیسز میں 100 فیصد تحفظ فراہم کرنے میں کامیاب رہی۔

نوواویکس اس سال کی تیسری سہ ماہی میں فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی منظوری کی درخواست دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ 

دواساز کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ویکسین کورونا کی دیگر پریشان کن اقسام کے خلاف مجموعی طور پر 93 فیصد کامیاب رہی۔

صرف ایک فیصد افراد نے ویکسین کے بعد انجیکشن کے مقام پر ہلکے یا درمیانی شدت کے درد کی شکایت کی جبکہ یہ درد 3 روز سے کم عرصے میں ختم ہو گیا۔

امریکی کمپنی کے مطابق کلینیکل ٹرائل کے تیسرے مرحلے میں 18 اور اُس سے زیادہ عمر کے 30 ہزار افراد شامل تھے جن کا تعلق امریکا اور میکسیکو سے تھا۔ 

دوسری جانب رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی دوا ساز ادارے نے 33 سال میں اب تک کوئی پروڈکٹ امریکا میں منظوری کیلئے پیش نہیں کی ہے۔

مزید خبریں :