Time 15 جون ، 2021
پاکستان

پاکستان: 4 ماہ بعد کورونا کے کیسز ایک ہزار سے بھی کم ہوگئے

فائل فوٹو

ملک میں کورونا سے مزید 59 افراد انتقال کرگئے جب کہ 4 ماہ بعد وائرس کے ایک ہزار سے بھی کم کیسز سامنے آئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 35039 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 838 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 59 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.39   فیصد رہی۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سامنے آنے والے کیسز گزشتہ چار ماہ کے بعد ایک روز میں سب سے کم کیسز ہیں۔

اس سے قبل 15 فروری کو ایک روز میں کورونا کے 958 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 21782 ہوگئی اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 43 ہزار 27 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 80   ہزار 316 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔


مزید خبریں :