شاہ محمود اور شازیہ مری کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی کی حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کے دوران شازیہ مری اور وزیر خارجہ شاہ محمود میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

گزشتہ روز ایوان کے اجلاس میں گرما گرمی کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اسپیکر نے اپوزیشن رہنماؤں سے وزیراعظم کی تقریر کے دوران ماحول کو بہتر رکھنے کی درخواست کی اور مجوزہ قواعد وضوابط بھی بتائے  جس دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔

اگر وزیر اعظم کی موجودگی میں ہلڑ بازی ہوگی تو ہم بھی اپوزیشن لیڈر کی موجودگی میں ایساہی کریں گے،شاہ محمود

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیرخارجہ  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر وزیر اعظم کی موجودگی میں ہلڑ بازی ہوگی تو ہم بھی اپوزیشن لیڈر کی موجودگی میں ایساہی کریں گے لہٰذا آپ احترام کر یں ہم بھی کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مشورہ دیا کہ دوران اجلاس کوئی رکن اپنی نشست سے اٹھ کر احتجاج نہ کرے، ایوان میں پلے کارڈ نہ لہرائے جائیں، تمام ارکان اپنی اپنی پارٹی قیادت سے مشاورت کریں اور شور شرابے سے گریز کریں۔

ذرائع کا کہناہےکہ ملاقات میں شاہ محمود قریشی اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

 بعد ازاں  شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  بجٹ پر اپوزیشن احتجاج اور تنقید ضرور کرے لیکن اپنی حدود و قیود کا بھی خیال رکھے۔ 

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم عمران خان بھی ایوان میں آنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن کے رویے کے باعث وہ نہیں آتے، وہ کہتے ہیں کہ ایوان میں آکر کیا کروں اپوزیشن ایوان میں بات ہی نہیں کرنے دیتی۔

مزید خبریں :